ٓٓآئی ایم ایف کے قرضوں نے معیشت کا پہیہ جام  کردیا ہے، ثروت قادری


سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہٓئی ایم ایف کے قرضوں نے معیشت کا پہیہ جام  کردیا ہے

تسنیم خبررساں ادارے نے مقامی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ معاشی عدم استحکام او ر مہنگائی نے غریب سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران غربت مٹاؤ کی بجائے غریب مٹاؤ مہم پر گامزن ہیں، آئی ایم ایف کے قرضوں نے معیشت کا پہیہ جام اور بے روزگاری ومہنگائی کو فروغ دیا ہے۔

ثروت قادری کا کہنا ہے کہ  بجلی وگیس کے یونٹ میں ہر ماہ اضافہ تشویشناک ہے، ملک میں غریب کو انصاف نہیں پینے کو صاف پانی نہیں اب مہنگائی وبے روزگاری کے ذریعے غریب کو خود کشی کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ مہنگائی وبے روزگاری اور غربت سے انتشار کی صورتحال نے جنم لیا تو اس کے ذمہ دار حکمران ہونگے، مہنگائی وبے روزگاری کے ساتھ آٹا،چینی کا بحران غریب کیلئے شدید پریشانی کا سبب ہیں۔

انہوں نے کہا عوام چاہتے ہیں حکمران عوام دوست پالیسیاں بنائیں، ہمارے دل عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں بنیادی حقوق فراہم کئے جائیں، ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنا اور معیشت کو مستحکم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ جمہوریت کومستحکم اور ملک کو خوشحال بنانے کیلئے مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے، ان کا کہنا تھا کہ کرپشن، اقرباء پروری اور دہشتگردی نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے۔