فلسطین کی آزادی کے لیے مزاحمت کے سوا اب کوئی اور راستہ نہیں بچا ہے، صدر حسن روحانی
ایران کے صدر حسن روحانی نے ’ڈیل آف سینچری‘ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کی آزادی کے لیے مزاحمت کے سوا اب کوئی اور راستہ نہیں بچا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر حسن روحانی نے ’ڈیل آف سینچری‘ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن منصوبہ شرمناک اور قابل نفرت ہے۔
امام خمینی کے مزار پر حاضری کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے واضح انداز میں کہا کہ جس امن منصوبے کو امریکی صدر بڑے طمطراق سے ’تاریخی‘ قرار دے رہے ہیں وہ آزادی کے متوالوں کے لیے شرمناک اور نفرت انگیز ہے۔
صدر حسن روحانی نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ کے امن منصوبے کے بعد اسرائیل اور امریکا کے درمیان گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا ہے جس کے بعد فلسطین کی آزادی کے لیے مزاحمت کے سوا اب کوئی اور راستہ نہیں بچا ہے، اس لیے ایران اپنے فلسطینی بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ اس امن منصوبے سے آزادی کے متوالوں کو نئی تحریک ملی ہے اور اب ہم سب کو مل کر امریکا اور اسرائیل کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا اور اتحاد و اتفاق کے ساتھ اس گٹھ جوڑ کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ جیت ہماری ہوگی۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم کے ہمراہ مشرق وسطیٰ امن ڈیل پیش کی تھی تاہم فلسطینی صدر نے اسے مسترد کردیا تھا جس کے بعد فلسطین بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔