پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے کہ کشمیری مسلمانوں کی حمایت میں اپنی آواز بلند کریں، شفقت شیرازی


پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے کہ کشمیری مسلمانوں کی حمایت میں اپنی آواز بلند کریں، شفقت شیرازی

مشہد مقدس میں مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے منعقدہ سیمنیار سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شفقت شیرازی نے کہا کہ پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے کہ کشمیری مسلمانوں کی حمایت میں اپنی آواز بلند کریں

مجلس وحدت مسلین پاکستان مشہد مقدس کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ایک پروگرام منعقد ہوا جس میں  حوزہ علمیہ مشہد مقدس کے علماء اور طلاب کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مقررین نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنے بیانات میں ہندوستان  کے ظلم اور بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکریٹری امور خارجہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے مسئلہ کشمیر کے پس پردہ عوامل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں ہندو تعصب کو پروان چڑھایا گیا کہ جس کے نتیجے میں نرندر مودی جیسا سفاک اور شیطان صفت شخص مسند اقتدار پر براجمان ہو جاتا ہے اور اپنے متعصبانہ پالیسیوں سے مسلمانان ہند کے خلاف بالعموم اور کشمیری مسلمانوں کے خلاف بالخصوص ظلم کا بازار گرم کرتاہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان میں شہریت قانون کے نام پر کروڑوں مسلمانوں کے جذبات سے کھیلا جا رہا ہے اور نرند مودی اپنے ہی ملک کے دستور کے برخلاف کروڑوں مسلمانوں کی شہریت کو منسوخ کرنے کے درپے ہے۔

آج ساڑھے پانچ ماہ ہونے کو ہیں، کشمیری مسلمان اپنے بنیادی ترین حقوق سے محروم ہیں۔ ریاستی دہشتگردی کی وجہ سے ہزاروں جوان شہید ہو چکے ہیں، سیکڑوں مسلمان خواتین کی عصمت دری کی گی ہے اور ظلم کا نہ رکنے والا ایک سلسلہ جاری ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے کہ کشمیری مسلمانوں کی حمایت میں اپنی آواز بلند کریں اور ظلم کی  چکی سے نکلنے میں ان کی مدد کریں۔ نرندر مودی جیسا شخص نہ فقط ہندوستان کے لیے بلکہ پورے خطے کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔

پروگرام کے آخر میں ملک پاکستان کی سالمیت، دشمنوں کی نابودی اور  کشمیری مسلمانوں سمیت دنیا بھر کے مظلومین کے لیے دعا کی گئی۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری