پاکستان؛ شہید قاسم سلیمانی کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا گیا+ تصاویر


پاکستان؛ شہید قاسم سلیمانی کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا گیا+ تصاویر

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں جنرل شہید قاسم سلیمانی کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا گیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، چہلم کے اجتماعات میں پاکستان کی سیاسی و مذہبی و صحافتی شخصیات، سنی اور شیعہ علماء سمیت ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین، بزرگوں اور بچوں نے شرکت کی۔

شہید جنرل قاسم سلیمانی، ابو مہدی المہندس اور ان کے ساتھی شہداء کے چہلم کی مناسبت سے عظیم الشان مرکزی اجتماع کا انعقاد چہلم شہدائے مدافعان کے عنوان سے نشتر پارک کراچی میں کیا گیا۔

مرکزی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر مولانا ناظر عباس تقوی نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی پر حملہ عراق کی خود مختاری پر حملہ اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ شہید قاسم سلیمانی شیعہ سنی اتحاد کے داعی اورعالم اسلام کو یکجا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے تھے، انہوں نے امریکا کی لے پالک دہشتگرد تنظیم داعش کا شکست دی۔

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیسری عالمی جنگ کا آغاز ہوچکا ہے، یہ پہلی اور دوسری عالمی جنگ کی طرح روایتی جنگ نہیں، بلکہ دشمن منظم انداز سے ہمیں ایک پیچدہ جنگ میں دھکیل رہا ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ عالمی شیطانی نظام کے خلاف امام خمینیؒ نے جس مزاحمت کا آغاز کیا تھا، وہ مزاحمت ابھی تک اسی استقامت کے ساتھ جاری ہے، قاسم سلیمانی وہ شخصیت تھے، جو امریکا کے خلاف جاری مزاحمت کی سرپرستی کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس جرأت مند سپہ سالار نے امریکی عزائم کو ہر محاذ پر شکست دی، قاسم سلیمانی نے گریٹر اسرائیل کے منصوبے کو کامیاب نہ ہونے دیا۔ انہوں نے کہا کہ جو کوئی اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی بات کرتا ہے، وہ ارض پاک کے ساتھ بددیانتی کا مرتکب ہو رہا ہے۔

مرکزی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ قاسم سلیمانی کا نام قیامت تک زندہ رہے گا، اس قوم کا ہر بچہ قاسم سلیمانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین، لبنان، شام، روہنگیا، کشمیر سمیت پوری دنیا میں جاری بربریت میں عرب ممالک کا اہم کردار ہے، جنت البقیع اور مقدسات کی مسماری اس امر کی دلیل ہے کہ حرمین کو کسی اور سے خطرہ نہیں بلکہ اس کو قابض آل سعود کی بادشاہت سے خطرہ ہے۔

آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین الجانی نے کہا کہ امریکا نے داعش کو تقویت دینے کیلئے قاسم سلیمانی کو شہید کرایا، امریکا دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد ہے۔

انہوں نے کہا کہ رہبر معظم کی آنکھ سے نکلنے والے ایک ایک آنسو کا بدلہ لیا جائے گا۔

جمعیت علمائے پاکستان نورانی سندھ کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی نے کہا کہ امریکا کے خلاف آج کا چہلم اجتماع اس بات کا اعلان ہے کہ ہم امریکا کو نہ ہی سپر پاور اور نہ ہی اس کے فیصلوں کو آخری فیصلہ تسلیم کرتے ہیں، جنرل قاسم سلیمانی نے ایک بلند مقصد کیلئے جان دی، ہم نظریاتی اور مسلکی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اتحاد امت کیلئے کوشاں رہیں گے۔

معروف دیوبند عالم منظرالحق تھانوی نے کہا کہ سُپر پاور طاقتوں کی شکست کا آغاز ہوچکا ہے اورامریکا اپنے وجود کو برقرار رکھنے کیلئے سازشوں میں مصروف ہے۔

بزرگ شیعہ عالم دین علامہ مرزا یوسف حسین نے کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد امریکا ہے، حضرت امام خمینیؒ نے چالیس سال قبل یہ کہا تھا کہ دنیا میں جس جگہ شرپسندی اور فتنہ نظر آئے، وہاں پر امریکا کا یقینی ہاتھ ہوگا، قاسم سلیمانی مزاحمتی کردار کے اعتبار سے پوری دنیا کیلئے ایک رول ماڈل تھے۔

در ایں اثناء مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام چہلم شہدائے مقاومت اسلام کا عظیم الشان اجتماع وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد کیا گیا جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان، ملی یکجہتی کونسل، جماعت اسلامی اور تنظیم اہل حرم سمیت متعدد شیعہ سنی جماعتوں کے قائدین اور ہزاروں کی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔

شرکاء نے مختلف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھتے تھے، جن پر مظلومین عالم کی حمایت اور امریکہ و اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکاء نے شہید قاسم سیلمانی کو خراج تحسین پیش کرنے اور امریکی عزائم کی نابودی تک ان کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہارکیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری