کرونا وائرس امریکا کی مختلف ریاستوں میں پھیل گیا؛ ہلاکتوں میں اضافہ


کولوریڈو، میری لینڈ، ٹینسی ، ٹیکساس، کیلیفورنیا اور سان فرانسسکو نامی ریاستوں میں کرونا کے کیسز سامنے آگئے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق چین سے پھیلنے والے خطرناک کرونا وائرس کے دنیا بھر میں وار جاری ہیں،امریکا میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے مزید افراد کی ہلاکت کے بعد امریکا میں اس وائرس کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 12ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق تازہ ترین ہلاکتیں واشنگٹن کے علاقے کنگ کاونٹی کے میں ہوئی ہیں۔ اس سے قبل اس وائرس نے سیاٹل کے علاقہ کرک لین میں چھ جانیں نگلی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق امریکا میں کرونا وائرس کے مزید 57 کیسز کا اندراج بھی کیا گیا ہے۔ نئے کیسز کولوریڈو، میری لینڈ، ٹینسی ، ٹیکساس اور سان فرانسسکو میں سامنے آئے ہیں۔ متاثرہ افراد میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب سان فرانسسکو میں 35افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد وہاں بذریعہ ہیلی کاپٹرز امدادی طبی سامان جاری کیا گیا۔

اس حوالے سے متاثرہ علاقے کے دورہ کرتے ہوئے امریکی نائب صدر مائیک پنس کہتے ہیں صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ان کے ساتھ ہیں اور حکومت اس مرض پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی تاہم امریکی حکام اور ادویات ساز کمپنیاں اس جان لیوا مرض کے سامنے بےبس نظر آرہی ہیں۔