تفتان؛ مزید 387 پاکستانی قرنطینہ منتقل، زائرین شدید مشکلات کا شکار
اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق سے تفتان آنے والے مزید 387 زائرین کو قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے جس کے بعد قرنطینہ میں رکھے گئے افراد کی تعداد 2500 سے تجاوز کرگئی ہے اور زائرین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج کوئٹہ کی طرف کانوائے روانہ ہونا تھا تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر کانوائے کا ایک بار پھر کنسل کیا گیا ہے۔
کانوائے کنسل کرنے پر زائرین کی ایک بڑی تعداد پیدل کوئٹہ کی طرف روانہ ہوگئی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر تفتان کے مطابق ایران سے گزشتہ روز مزید 387 پاکستانی تفتان بارڈر پہنچے جنہیں قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے واضح رہے کہ قرنطینہ میں منتقل کیے گئے پاکستانیوں کی تعداد 2500 سے زائد ہوگئی ہے، 18 سو زائرین کو پاکستان ہاؤس جبکہ 627 زائرین کو میونسپل کمیٹی قرنطینہ میں منتقل کیا گیا ہے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ تمام زائرین کو اسکریننگ اور طبی چیک اپ کے بعد قرنطینہ منتقل کرتے ہیں۔
اے سی تفتان کے مطابق ایران سے آنے والے زائرین کے 14 دن پورے ہوتے ہی کوئٹہ روانہ کردیا جائے گا جب کہ زائرین کو امداد فراہم کرنے کے لیے ایدھی کے رضا کار بھی تفتان بارڈر پہنچ گئے ہیں۔
زائرین کا کہنا ہے تفتان میں بہت سارے زائرین ایسے ہیں جن کو 14 دن سے زیادہ کا عرصہ گزرچکا ہے۔ اس کے باوجود انہیں کوئٹہ منتقل نہیں کیا جارہا ہے۔