پاکستان اسٹاک میں مندی کا رجحان جاری


پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج تاریخ کی بدترین مندی دیکھنے میں آئی۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، کورونا وائرس کاروبار کو بھی نگلنے لگا، اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار مشکل بن گیا،

ہنڈریڈ انڈیکس میں 1682 پوائنٹس کی کمی کے بعد 8 روز کے دوران پانچویں بار کاروبار 45 منٹ کے لیے روکنا پڑا۔

کاروبار دوبارہ شروع ہوا تو ہنڈریڈ انڈیکس2081 پوائنٹس تک گر گیا اور 6 ماہ کی کم ترین سطح 30 ہزار 600 پوائنٹس پر آگیا۔

ماہرین نے مارکیٹ میں گراوٹ کی وجہ شرحِ سود میں ہونے والی معمولی کمی اور گورنر اسٹیٹ بینک کے اعلانات کو قرار دے دیا۔

ایم ڈی پاکستان اسٹاک ایکس چینج کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کا گرنا غیر متوقع نہیں، مارکیٹ میں ڈیفالٹ کے معاملات نہیں آئے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کو شرحِ سود مزید کم کرنا چاہیے تھا، دنیا بھر میں شرحِ سود انتہائی کم کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسٹیٹ بینک نے آئندہ 2 ماہ کے لیے شرح سود اعشاریہ 75 فیصد کم کرکے ساڑھے 12 فیصد کرنے کا اعلان کیا تھا۔