ایران؛ کورونا وائرس کے 2206 نئے کیسز، کل تعداد 27ہزار سے تجاوز کرگئی


اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 2ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس کا شکارہوئے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، ڈاکٹر کیانوش جہانپور کا کہنا ہے کہ ملک بھرسے موصولہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ

24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے2ہزار206  نئے کیسز سامنے آنے کے بعد تعداداد 27ہزار17 ہوگئی ہے۔

ایرانی وزارت صحت کے ترجمان نے مزید کہا کہ وبا کی وجہ سے 143 افراد انتقال کرگئے ہیں جس کے بعد کل وفات پانے والے افراد کی تعداد 2ہزار77 ہوگئی ہے۔

جہانپورکا کہنا ہے کہ 9625 افراد صحت یاب ہوکر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

ادھر پاکستانی ذرائع کاکہنا ہے کہ ملک بھرمیں 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 28 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد تعداد1039 تک پہنچ گئی ہے جبکہ صبہ سندھ اس وقت ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق سندھ میں کورونا کے 413، پنجاب میں 296، بلوچستان میں 115 ،گلگت بلتستان میں 81 ، خیبرپختونخوا میں 78، اسلام آباد میں 16 اور آزاد کشمیر میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

پاکستان میں وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد سات ہے جن میں سے تین کا تعلق خیبر پختونخوا سے تھا جبکہ ایک، ایک فرد پنجاب، سندھ، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں ہلاک ہوا۔

 کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق کورونا سے صحت یاب مریضوں کی تعداد 19 ہوگئی ہے ،جبکہ وباء میں مبتلا 8 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا میں مبتلا 5 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

صوبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان میں قرنطینہ میں رکھے گئے 800 افراد میں سے 600 کے ٹیسٹ کلیئر ہو گئے ہیں اور انہیں گھر روانہ کردیا جائے گا۔