چین کا لاہورمیں ہنگامی بنیادوں پر اسپتال بنانے کا اعلان


چینی چینی یونیورسٹی نے صوبہ پنجاب کے مرکزی شہر لاہورمیں ہنگامی بنیادوں پر ایک بڑا اسپتال بنانے کا عندیہ دیا ہے۔

تسنیم نیوز کے مطابق، کوروناوائرس سے بچاؤ کیلئے چینی یونیورسٹی نے لاہور میں اسپتال کے قیام کا اعلان کرتےہوئے کہا کہ چینی یونیورسٹی کوروناٹیسٹ کٹس ، ماسک،دستانے بھی عطیہ کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق کوروناوائرس سے بچاؤ کیلئےپاک چین دوستی کا ایک اور عملی اقدام سامنے آگیا ، گورنرپنجاب چوہدری سرور کی درخواست پرچینی یونیورسٹی نے لاہور میں اسپتال کے قیام کا اعلان کردیا۔

گور نرپنجاب چوہدری سرور کا چینی قونصل جنرل اور وی یوایچ ایس چینی یونیورسٹی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ، جس میں چینی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر لی سونگ نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

گور نر پنجاب کا کہنا تھا کہ چینی یونیورسٹی کوروناٹیسٹ کٹس ، ماسک،دستانے بھی عطیہ کرے گی ،چینی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا وفد آئندہ ہفتے لاہور آئے گا۔

چوہدری سرور نے مزید کہا کہ پاک چینی دوستی دنیا کیلئے مثال ہے چینی تعاون پران کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

چینی قونصل جنرل لونگ ڈینگ بن کا کہنا تھا کہ کورونا کیخلاف جنگ میں چین پاکستان کیساتھ ہے جبکہ پروفیسرلی سونگ نے کہا کہ کورونا پرریسرچ اوربچاؤ کیلئے پاکستان کی بھر پور رہنمائی کریں گے۔

یاد رہے گذشتہ روز کورونا سے نمٹنے کیلئے چین نے پاکستان میں طبی ماہرین بھیجنے کا اعلان کیا تھا، چینی سفارت خانے کا کہنا تھا کہ پاکستان کو طبی سامان کی فراہمی کی تیاری کر رہے ہیں، چین آئسولیشن کیلئے ایک عارضی اسپتال بنانے میں پاکستان کی مدد کرے گا۔