کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک میں امریکا سرفہرست


امریکا میں مہلک وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3 لاکھ سے بھی تجاوز کرگئی ہے

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، امریکا میں کروناوائرس کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کرگئی، پورے ملک میں آج 23 ہزار986 نئے کیسز اور 769 اموات رپورٹ ہوئیں۔ جبکہ کروناوائرس کے باعث مجموعی اموات 8 ہزار 173 ہوگئیں۔ موجودہ حالات نے ٹرمپ انتظامیہ کے لیے بڑا چیلنج کھڑا کردیا۔

امریکا میں7 ہزار869کرونا متاثرہ مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ ملک میں ایکٹیو کرونا مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 78 ہزار 456 ہے۔ امریکا میں کرونا سے 50 سے زائد امریکی نژاد پاکستانی بھی انتقال کرگئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زیادہ تر امریکی نژاد پاکستانی نیویارک میں کروناوائرس کا شکار بنے۔ دوسری جانب نیویارک میں حفاظتی سازوسامان کی کمی پر نرسنگ اسٹاف نے مظاہرہ بھی کیا۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 11لاکھ82ہزار834ہوگئی۔ دنیا بھر میں مہلک وائرس کے باعث 63ہزار925اموات ہوئیں۔ جبکہ کرونا کے صحتیاب مریضوں کی تعداد2لاکھ44ہزار232ہوگئی ہے۔