عراق؛ مصطفی الکاظمی ملک کے نئے وزیراعظم نامزد
عراق میں مصطفی الکاظمی نئے وزیر اعظم نامزد کئے گئے ہیں۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران نے عراق میں مصطفی الکاظمی کو نیا وزیر اعظم نامزد کئے جانے کا خیر مقدم کیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے عراق میں مصطفی الکاظمی کو ملک کا نیا عبوری وزیر اعظم نامزد کئے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے ہمیشہ عراق کی خود مختاری، اقتدار اعلی، ارضی سالمیت، وفاق اور سیاسی و جمہوری استحکام کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران سمجھتا کہ ملک کے مسائل کو تمام سیاسی گروہوں کے باہمی صلاح و مشورے اور اتفاق رائے کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے- ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بلا شبہہ عراق میں عوام اور دینی مرجعیت کے مطالبات پورے کرنے کے لئے تمام عراقی گروہوں اور سیاسی شخصیات کا اتفاق رائے اور یکساں موقف لازمی ہے۔
سید عباس موسوی نے کہا کہ ایک مضبوط و مستحکم عراق علاقائی اور عالمی سطح پر ہمیشہ اثر گزار رہا ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ماضی کی طرح عراقی عوام اور حکومت کے ساتھ ہر طرح کا تعاون کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ وہ ہر طرح کی مشکلات کو عبور اور عوام و دینی مرجعیت کے مطالبات کو پورا کر سکے۔