یمن؛ سعودی اتحادی افواج کے لڑاکا طیاروں نے جنگ بندی کی دھجیاں اڑا دیں، متعدد فضائی حملے


یمنی سرکاری فوج کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حمایت یافتہ سعودی اتحادی افواج نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 26 بار یمن کے مختلف علاقوں پر بمباری کی۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، یمنی سرکاری فوج کے ترجمان یحیی سریع کا کہناہے کہ سعودی اتحادی افواج کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے نہتے شہریوں پر وحشیانہ بمباری کرکے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔
 انہوں نے کہا کہ سعودی اہلکاروں کی بمباری میں متعدد مکانات تباہ اور کافی جانی اورمالی نقصانات ہوئے ہیں۔ 
واضح رہے کہ  انہوں نے شہید ہونے والے افراد کی تعداد کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔
یمنی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی اتحاد کے جنگی جہازوں نے آج علی الصبح شمالی صعدہ کے ''باقم'' نامی علاقے پر بھی متعدد بار بمباری کی۔
انہوں نے کہا سعودی اتحادی افواج کے حملوں کا منہ توڑ جواب دیا جائےگا۔
 واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے دنیا بھرکے متحارب گروہوں سے جنگ بندی کی اپیل کی تھی اور سعودی حکام نے یمن پر جاری حملوں کو روکنے کا اعلان کیا تھا۔
سعودی عرب اور اس کے بعض اتحادی ممالک، امریکا اور دیگر ملکوں کی حمایت کے زیر سایہ مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے کر رہے ہیں اس عرصے میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی اور جبکہ دسیوں لاکھ یمنی بے سر و سامانی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔