پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنےکا امکان نہیں، پیشگوئی


محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند آج نظر آنے کا امکان نہیں، جس کے باعث پہلا روزہ 25 اپریل بروز ہفتہ کو ہوگا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، نجی ٹی وی دنیا نیوز نے محکمہ موسمیات کے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ ملک کے 80 فیصد علاقوں میں جمعرات کو مطلع صاف ہوگا۔ 
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے وقت چاند کی عمر کم ہوگی جبکہ انسانی آنکھ سے نظر آنے کیلئے چاند کی کم ازکم عمر ساڑھے 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے۔
بتایا گیا ہے کہ جمعرات کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے 15 منٹ تک ہوگی۔ 
واضح رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو کراچی میں طلب کیا گیا ہے جو مفتی منیب الرحمن کے زیر صدارت محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوگا۔
ادھر وزارت سائنس وٹیکنالوجی نے ایسی تصاویر جاری کی ہیں جو جمعرات 23 اپریل کو پشاور شہر میں غروب آفتاب کے وقت مغربی افق پر چاند کے مقام کی نشاندہی کر رہی ہیں۔
ترجمان وزارت کا کہنا ہے کہ اس تصویر سے واضح ہے کہ 23 اپریل کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے سے بھی کم ہوگی۔
 افق پر اس کی بلندی صرف 2 ڈگری ہوگی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پورے صوبہ خیبرپختونخوا میں کسی بھی جگہ چاند نظر آنا دوربین سے بھی ناممکن ہے۔