امریکا کا احساس پروگرام میں 50 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان


امریکا نے کورونا سے متاثرہ پاکستانی شہریوں کی مدد کے لیے وزیراعظم کے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے لیے 50لاکھ ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، پاکستان میں امریکی سفیر پال جونز نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ امریکا پاکستان میں غربت کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ساتھ اپنی شراکت کو وسیع کررہا ہے۔

امریکا پاکستان میں غذاتی قلت کے شکار بچوں کے لیے فوڈ پروگرام کی مد میں امریکا پچیس لاکھ ڈالرز پاکستان کو دے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے کورونا وائرس کے تناظر میں پاکستان کو امداد کے لیے ترجیحی ملک قرار دیتے ہوئے مجموعی طور پر ایک کروڑ پچاس لاکھ ڈالرز کی امداد کا ارادہ کیا ہے۔

سفیر پال جونز کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے تمام تر معاونت اُنہی شعبوں میں فراہم کی جا رہی ہیں جنہیں حکومت پاکستان نے اپنی ترجیحات میں شامل کر رکھا ہے۔