عرب ممالک میں کورونا وائرس کے حملوں میں تیزی، مزید 5354 کیسز
خلیجی ممالک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مہلک وائرس کورونا کے مزید 5354 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں.
عالمی ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرین میں سے 422 کی حالت نازک ہے جبکہ 34035 صحت یاب ہوچکے ہیں اور 602 وائرس سے ہلاک ہوگئے.
الامارات الیوم کے مطابق بدھ 13 مئی کو امارات میں 725 نئے کیس ریکارڈ پر آئے. متاثرین کی کل تعداد 20386 ہوگئی. ان میں سے 6523 صحت یاب ہوگئے.
وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 206 ہوچکی ہے. متاثرین میں ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے.
سکائی نیوز نے خبر دی ہے کہ کویتی وزارت صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید سات افراد ہلاک ہوئے .وفات پانے والوں کی مجموعی تعداد 82 تک پہنچ گئی.
ترجمان کے مطابق 162 مزید شفا یاب ہوئے صحت پانے والوں کی کل تعداد 3263 ہوگئی ہے.
عمانی وزارت صحت کا کہناہے کہ بدھ کو 298 نئے مریض ریکارڈ پر آئے. ان میں 89 عمانی اور 209 غیرملکی ہیں. عمان میں کورونا سے متاثرین کی کل تعداد 4019 ہوگئی.
وائرس سے 19 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 1289 صحت یاب ہوچکے ہیں.
لبنان نے بدھ سے چار دن کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے جہاں کورونا سے متاثرین کی تعداد بڑھنے لگی تھی.
ادھرتیونس میں تیسرے دن بھی کورونا کا کوئی مریض ریکارڈ پر نہیں آیا.