دہشتگرد آج بھی آزاد دندناتے پھر رہے ہیں، ثروت قادری


سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کا کہناہے کہ دہشتگرد آج بھی آزاد دندناتے پھر رہے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کورونا کے خوف سے عوام خود کشیاں نہیں کررہے بھوک اور تنگدستی سے پریشان ہوکر ذہنی دباؤ کا شکار ہوجاتے ہیں۔
حکومت بلیک عینک اتار کر دیکھے تو غربت اور غریب بچے بھوک وافلا س سے بلکتے نظر آئینگے،بازار کھولنے کے عدالتی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف کلمہ حق بلند کرنے کی پاداش میں بانی وقائد سنی تحریک شہید محمد سلیم قادری کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا،دہشتگرد آج بھی آزاد دندناتے پھر رہے ہیں۔
حکومت نے ہمیں انصاف نہیں دیا دہشتگردوں کو نکیل ڈالنے کی بجائے آزاد چھوڑ دیا گیا،ملک بھر میں پاکستان سنی تحریک کی اپیل پر محمد سلیم قادری اور رفقاء کے ایصال ثواب اور بلند درجات کیلئے قرآن خوانی اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ قائد سنی تحریک کے نظریئے کو عملی جامہ پہناکر دہشتگرد قوتوں کو ناکام بنائیں گے،تعلیم کو عام کرکے دہشتگردوں کا قلم سے خاتمہ کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے استحصالی قوتوں نے جال بچھادیئے ہیں مگر پاکستان کے عوام ان کی سازشوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے۔