پشاور باچاخان ایئرپورٹ سے انٹرنیشنل پروازیں بحال کرنے کا اعلان


حکومت پاکستان نے خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے باچاخان ایئرپورٹ سے انٹرنیشنل پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی درخواست پر وزیراعظم عمران خان نے باچاخان ایئرپورٹ سے انٹرنیشنل پروازیں بحال کرنے کی اجازت دے دی۔

باچاخان ایئرپورٹ سے سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کے لیے فلائٹس آپریٹ کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پروازیں بحال کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں بیرون ملک موجود پاکستانیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ خلیجی ریاستوں میں مقیم پاکستانیوں کی مشکلات کا احساس ہے، بیرون ملک مقیم محنت کش بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

دوسری جانب حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور نے کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے کراچی سے لائے جانے والے پلازما کو بروقت اسپتال منتقل کرنے پر باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ کے حکام کی کوششوں کا اعتراف کیا ہے۔

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر فیصل شہزاد کی جانب سے سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن حسن ناصر جامی کے نام لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ نے کرونا کے مریضوں کے لیے نیشنل انسٹیٹوٹ آف بلڈ کراچی سے ایک معاہدہ کے تحت پلازما منگوایا جو سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تعاون اور کاوشوں سے بر وقت ہسپتال انتظامیہ کو منتقل کیا گیا۔

خط میں اسپتال انتظامیہ کی جانب سے باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ کے حکام کی کاوشوں کو سراہا گیا ہے۔