سعودی عرب میں کرونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی، مکہ مکرمہ میں کرفیو


سعودی عرب میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 3045 نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں اس مہلک وائرس کا شکار ہونے والے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے متجاوز ہوگئی ہے

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، مکہ مکرمہ میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جہاں وزارت صحت کے مطابق گزشتہ روز 623کیسز سامنے آئے۔ جن دنوں مکہ مکرمہ میں کرفیو رہا ان دنوں میں سب سے کم کیسز 103رہے۔
کیسز میں کمی کے بعد حکومت نے کرفیو میں صبح چھ سے دن تین بجے تک نرمی کی تو کیسز کی تعداد میں اچانک اضافہ ہونا شروع ہوگیا اور اب تک ایک دن میں سب سے زیادہ 623 کیسز سامنے آچکے ہیں۔
کیسز کی تعداد زیادہ ہونے پر  آج کرفیو سخت کر دیا گیاہے ہرگلی میں سکیورٹی اہلکار موجود ہیں اور وہ  آج کسی کو بھی گھر سے باہر نہیں نکلنے دے رہے۔
سعودی وزارت صحت نے گذشتہ دو روز میں تین ہزار سے زیادہ کیسوں کی اطلاع دی ہے۔اتوار کو کووِڈ-19 میں مبتلا مزید 36 مریض وفات پا گئے ہیں اور اب متوفیوں کی کل تعداد 712 ہوگئی ہے۔
وزارت صحت نے کرونا وائرس کا شکار مزید 1026 مریضوں کے تن درست ہونے کی بھی اطلاع دی ہے۔ 
سعودی عرب میں کرونا وائرس کے حالیہ رجحانات کے مطابق دارالحکومت الریاض میں سب سے زیادہ 717 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔اس کے بعد مکہ مکرمہ میں 623 اور جدہ میں 351 کیسوں کا اندراج ہوا ہے۔
مشرقی شہر الدمام میں بھی کرونا کے کیسوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور وہاں محکمہ صحت کے حکام نے 257 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔