یورپی ممالک جان بولٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ کی سازش کا شکار ہوئے: علی شمخانی


ایران کی اعلی قومی سلامتی کے سکریٹری نے کہا ہے کہ یورپ، جوہری معاہدے سے دستبرداری کے سلسلے میں بیوقوف "جان بولٹن" اور "ڈونلڈ ٹرمپ" کی مشترکہ سازش کا شکار ہو کر ایران مخالف قرارداد کو پیش کرنے کا آلہ کار بن گیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کے سکریٹری  ایڈمیرل علی شمخانی نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ سابق امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے اپنی حالیہ کتاب میں ٹرمپ کو بیوقوف قرار دیا ہے اور ٹرمپ نے بھی جوابا انہیں بیوقوف اور نااہل قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیوں یورپ، ایران کے جوہری معاہدے سے دستبرداری کے سلسلے میں بیوقوف جان بولٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ کی مشترکہ منصوبہ بندی کا شکار اور اس کی کٹھ پتلی بن گیا؟

واضح رہے کہ 19 جون کو عالمی جوہری ادارے کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں یورپی ٹروئیکا کی جانب سے پیش کی گئ ایران مخالف قرارداد منظور کی گئی تاہم روس اور چین نے اس قرارداد کی مخالفت کی۔

اس قرارداد کے مطابق، تین یورپی ممالک برطانیہ، جرمنی اور فرانس نے امریکہ کی حمایت کے ساتھ ایران سے دو ایٹمی مقامات تک جوہری ادارے کے انسپکٹروں کو معائنے کی اجازت دینے اور ان کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کا مطالبہ کیا ۔