وزیراعظم نے اسامہ بن لادن کو عمدا شہید نہیں کہا، زبان پھسل گئی تھی، فواد چوہدری


فواد چوہدری نے وزیراعظم کے اسامہ بن لادن کو عمدا شہید نہیں کہا بلکہ یہ لسانی خطا تھی۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، فواد چوہدری نے وزیراعظم کے اسامہ بن لادن کو شہید کہنے کو زبان کا پھسلنا قرار دیا جبکہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اسامہ بن لادن کو شہید کہا اس بات کو یہیں ختم کردینا چاہئے۔

وزیراعظم کا اسامہ بن لادن کوشہید کہنا واضح طور پر زبان کا پھسلنا ہے، اس بات کو آگے بڑھانے کے بجائے یہیں ختم کردینا چاہئے۔

وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری اور ن لیگ کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے اتفاق کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ججوں سمیت مختلف طبقہ زندگی کے لوگوں کیخلاف جھوٹے الزامات اور متنازع مواد کیخلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے۔

حکومت اور اپوزیشن کل سوشل میڈیا میں ججوں کے خلاف متنازع مواد کیخلاف پارلیمنٹ میں مشترکہ قرارداد لارہی ہیں، فواد چوہدری نے اس قرارداد کیلئے کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہونے کا اعلان بھی کیا۔

جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ سب کو احساس ہے حکومت اور اپوزیشن کے تعلقات بہتر ہونے چاہئیں۔

 ن لیگ اور پیپلز پارٹی پہلے دن اسمبلی میں وزیراعظم کی تقریر سکون سے سن لیتیں تو ماحول اسی وقت اچھا ہوجاتا ،کم از کم پارلیمانی لیڈروں کی تقریریں بغیر شورا شرابے کے سنی جانی چاہئیں، پاکستان کو ہر شعبہ میں بنیادی اصلاحات کی ضرورت ہے جس کیلئے حکومت اپوزیشن میں تعلقات ضروری ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کبھی بھی مکمل لاک ڈاؤن کی حمایت نہیں کی، لاک ڈاؤن کے حوالے سے عمران خان سوفیصد درست تھے۔

 عمران خان جب بات کررہے تھے تو دنیا میں کوئی بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی بات نہیں کررہا تھا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اسد عمر، جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی سے بڑے بھائیوں والا تعلق ہے، سہیل وڑائچ کے پوچھنے پر میں نے اپنا تجزیہ دیا تھاکسی کو اس سے اتفاق یا اختلاف ہوسکتا ہے۔

عمران خان کے جیسے قد کا ملک میں کوئی شخص نہیں ہے ان کیخلاف سازش کا امکان نہیں ہے، ہر حکومت کی طرح اس حکومت میں بھی ورکنگ پرابلمز ہیں۔

ہمارے ارکان اسمبلی کے گلے شکوؤں میں بہت وزن ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم نے وزراء کو چھ مہینے کا ٹائم دیا انہیں کسی نے یہ ٹائم نہیں دیا۔