پاکستان؛ کرونا وائرس میں اضافے کا رحجان جاری، 2 لاکھ 13 ہزار افراد متاثر
پاکستان میں کرونا وائرس انفیکشن سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 13 ہزار 470 ہو گئی ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں 4,133 نئے کیسز سامنے آئے، جب کہ مزید 91 مریض جاں بحق ہو گئے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے پاکستان بھر میں 213,470 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جب کہ اموات کی تعداد 4,395 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں 1,762، سندھ 1,377، خیبر پختون خوا میں 951، اسلام آباد 128، بلوچستان 121، گلگت بلتستان میں 26 اموات ہوئی ہیں۔
پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے کرونا وائرس سے متعلق اعداد و شمار کچھ یوں ہے کہ گزشتہ چند دنوں میں 10 لاکھ آبادی میں اموات کی شرح 19 سے بڑھ کر 20 فی صد ہو گئی ہے، جب کہ 10 لاکھ آبادی میں کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر 967 ہو گئی۔ کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے کیے جانے والے ٹیسٹس کی شرح 10 لاکھ آبادی میں 5,911 ہے۔
ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 8 ہزار 273 ہے، اب تک 100,802 مریض وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں، جب کہ 2,741 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
کمانڈ سینٹر کا کہنا ہے کہ سب زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 1,762 ہے، اس کے بعد سندھ میں 1,377 اموات، خیبر پختون خوا میں 951 اموات، اسلام آباد میں 128، بلوچستان میں 121، گلگت بلتستان میں 26 اموات جب کہ آزاد کشمیر میں 30 اموات ریکارڈ ہوئی ہیں۔
سندھ میں کرونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 84,640 ہو گئی، پنجاب میں 76,262 کرونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، خیبر پختون خوا میں کیسز کی تعداد 26,598، اسلام آباد میں 12,912 ہو گئی، بلوچستان میں 10,476، گلگت بلتستان میں 1,489 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 1,093 ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 22 ہزار 418 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، این سی او سی کے مطابق ملک میں اب تک کرونا کے 13 لاکھ 5 ہزار 510 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ سندھ میں 46,824 مریض صحت یاب ہوئے ہیں، پنجاب میں 27,488 مریض، خیبر پختون خوا میں 13,067 مریض، اسلام آباد میں 7,261، بلوچستان میں 4,484 مریض، گلگلت بلتستان میں 1,128 مریض، جب کہ آزاد جموں و کشمیر میں 550 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔