ایران؛ امریکی اور اسرائیلی جاسوس کو پھانسی دی گئی


اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آج علی الصبح امریکا اور اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے والے ایرانی شہری کو پھانسی دے دی گئی۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسمٰعیلی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ آج علی الصبح امریکا اور اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے والے محمود مجد نامی ایرانی شہری کو پھانسی دے دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ محمود موسوی مجد، پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے بارے میں امریکا اور اسرائیل  کے لیے جاسوسی کر رہا تھا۔

محمود مجد کے متعلق جامع تحقیقات کے بعد واضح ہوگیا تھا کہ وہ غیرملکی دشمن ایجنسیوں کے لئے محض چند ڈالروں کے عوض ملکی راز فراہم کررہا ہے۔

مجد نے مختلف ادوار میں کچھ فوجی کمانڈروں خاص طور پر جنرل قاسم سلیمانی کی سرگرمیوں اور اس کے ٹھکانوں سے دشمنوں کو مطلع کیا تھا۔

محمود مجد نامی اس جاسوس نے امریکی ڈالروں کے عوض سیکورٹی سے متعلق مختلف شعبوں خاص طور سے ایران کی مسلح افواج، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس بریگیڈ اور شہید جنرل قاسم سلیمانی کے بارے میں اطلاعات جمع کر کے انہیں دشمنوں کے حوالے کیا تھا اور ان ہی الزامات کے تحت اس جاسوس کے خلاف مقدمہ دائر کر کے قانونی کارروائی کی گئی جس کے بعد اسے سزائے موت کا حکم سنا دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ محمود مجد نامی اس جاسوس کو 10 اکتوبر 2018 میں گرفتار کیا گیا اور اس پر اسلامی انقلاب کی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا اور الزامات ثابت ہونے پر اسے 25 اگست 2019 کو موت کی سزا سنائی گئی۔

 جس کی اعلی ایرانی عدلیہ نے بھی تائید کر دی تھی۔