نریندر مودی کے ہاتھوں 5 اگست کو بابری مسجد کی جگہ مندر کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا
ایودھیا میں بابری مسجد کی متنازع زمین کی جگہ پر 161 فٹ بلند مندر کی تعمیر کا منصوبہ
تسنیم خبر رساں ادارے کو موصول اطلاع کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی 5 اگست کو بابری مسجد کی متنازع زمین کی جگہ مندر کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ایودھیا میں بابری مسجد کی متنازع زمین کی جگہ پر 161 فٹ بلند مندر کی تعمیر کا سنگ بنیاد وزیراعظم مودی رکھیں گے جس کے لیے 5 اگست کی تاریخ رکھی گئی ہے، اسی تاریخ کو گزشتہ برس مودی سرکار نے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرکے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی اور وادی کو دو یونین ٹریٹری میں تبدیل کردیا تھا۔
شدت پسند ہندو قوم پرست جماعت وشوا ہندو پریشد یا ورلڈ ہندو آرگنائزیشن کے مطابق 5 اگست کی تاریخ علم نجوم کے مطابق ہندوؤں کے لیے نیک شگون ہے اس لیے اسی دن مندر کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے عوامی اجتماع کے بجائے رسومات کو براہِ راست نشر کیا جائے گا اور صرف مخصوص لوگ تقریب میں شریک کریں گے۔
واضح رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے گزشتہ برس 9 نومبر 2019 کو بابری مسجد کی متنازع زمین پر رام مندر تعمیر کرنے اور مسلمانوں کو مسجد کی تعمیر کے لیے متبادل جگہ فراہم کرنے کا حکم دیا تھا جس پر مسلم رہنما اسد اویسی نے کہا تھا کہ مسلمانوں کو مسجد کے لیے 5 ایکڑ زمین کی بھیک نہیں چاہیئے۔