وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا چین کا دو روزہ دورہ
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ پاک چین سٹریٹیجک مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کے لئے دو روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جمعرات کو دو روزہ دورے پر چین پہنچ گئے جہاں وہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے دوسرے دور میں شرکت کریں گے۔
سینئر عہدیداروں کے ساتھ، وزیرِ خارجہ چین کے شہر ہینان میں ہونے والے اس اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے جب کہ دوسری جانب چینی وفد کی قیادت چینی وزیر خارجہ وانگ یی اور اسٹیٹ کونسلر کریں گے۔
دفتر خارجہ کی ایک پریس ریلیز کے مطابق، مذاکرات کا پہلا دور گزشتہ سال مارچ میں منعقد ہوا تھا۔
اجلاس کے دوران، دونوں فریق باھمی تعاون سے COVID-19 ، باھمی تعلقات اور باھمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی اُمور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ دورہ پاک چین "آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ" کو مزید مستحکم کرنے میں اھم کردار ادا کرے گا اور چین کے ساتھ متعدد اُمور پر اسٹریٹجک مواصلات اور ہم آہنگی کو مزید گہرا بنائے گا۔
پاکستان اور چین قریبی دوست اور مضبوط شراکت دار ہیں۔ان کی وقت آزمائشی دوستی بےمثال باھمی اعتماد، تفہیم اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہے۔
دونوں فریق مشترکہ طور پر چین پاکستان کمیونٹی آف شیئرڈ فیوچر کی تعمیر کیلئے پوری طرح پُر عزم ہیں۔