لبنان میں ایک موثر اور جامع حکومت کی تشکیل چاہتے ہیں، حزب اللہ


لبنانی اسلامی مقاومتی تحریک کا کہنا ہے کہ ہم ملک میں ایک موثر اور جامع حکومت کی تشکیل چاہتے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، لبنانی حزب اللہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ حزب اللہ ملک میں ایک موثر اور جامع حکومت چاہتی ہے جس میں تمام سیاسی پارٹیوں کی شمولیت ہو۔

سید حسن نصراللہ کے نائب شیخ نعیم قاسم نے محرم الحرام کی دوسری مجلس  سے خطاب کرتے ہوئے ایک موثر اور تعمیری حکومت بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

لبنانی حزب اللہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے کہا: "ہم ملک میں ایسی حکومت چاہتے ہیں جو ہر ممکن حد تک موثر، جامع اور ملکی آئین کے عین مطابق ہو۔

شیخ نعیم قاسم نے مزید کہا: "حزب اللہ ایک ایسی حکومت کی تشکیل چاہتی ہے جو ملک میں اصلاحات لانے اور بدعنوانی کے خلاف جنگ لڑنے اور موجودہ صورتحال سے ملک کو بچانے کے قابل ہو۔

بیروت کی بندرگاہ میں گولہ بارود جمع کرنے کے متعلق حزب اللہ کے خلاف لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چند گھنٹوں کے اندر ہی یہ بات واضح ہوگئی کہ مخالفین جھوٹ بول رہے تھے۔

 شیخ نعیم قاسم نے مزید کہا: "دشمنوں نے اپنے دعوؤں کو ثابت کرنے کے لئے ثبوت اکٹھا کرنے کی بھرپور کوششیں کیں اور اسلامی مزاحمتی تحریک کو کمزور کرنے کے لئے حزب اللہ کو نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بندرگاہ میں حزب اللہ کی ایک گولی بھی نہیں تھی۔

لبنان میں حزب اللہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ حزب اللہ اور مزاحمت کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے کئے گئے اور وہ بری طرح ناکام رہے اورآئندہ بھی ناکام رہیں گے۔

انہوں نے کہا دشمن اس وقت سخت مایوسی کا شکار ہے۔