افغانستان کی آزادی پر سودے بازی نہیں ہوگی، طالبان


طالبان کا کہنا ہے کہ امریکی اتحادیوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ ملکی آزادی پر کسی قسم کی سودے بازی نہیں کریں گے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، طالبان کا کہنا ہے کہ امریکی اتحادی افغانستان میں تعمیرنو، تجارت اور ترقی کا نعرہ لگا کرقوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہےہیں۔

طالبان کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی استعماری طاقتیں، بمباری یا تعمیرنو، تجارت اور ترقی کے کھوکھلے نعرے لگا کرافغان عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ افغان عوام ملکی آزادی کو غیرمعمولی اہمیت دیتے ہیں اور افغانستان کی آزادی سب کے لئے اہم ہے۔ طالبان کے بیان کے مطابق  افغانستان کے عوام نے ہمیشہ یہ ثابت کیا ہے کہ اسلامی قانون، خودمختاری، اسلامی ثقافت اور آزادی جیسی قدریں ان کے لئے مادی مفادات سے کہیں زیادہ قیمتی ہیں۔

طالبان نے بیان میں کہا ہے کہ ہم اپنے ہم وطنوں کو خوشخبری دیتے ہیں کہ بہت جلد جب ہمارے ملک کو ایک بار پھر مکمل آزادی اور اسلامی خودمختاری حاصل ہوگی۔

واضح رہے کہ طالبان نے افغانستان کے جشن آزادی پر قوم کے نام پیغام میں کہا تھا ملک کی آزادی اور "خالص اسلامی نظام" کے قیام کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔