اپنے ملک اور اپنی قوم کا دفاع کرنا شرعی فریضہ ہے / ہم اپنی جانیں قربان کرنے کے لئے تیار ہیں، سید حسن نصراللہ
لبنانی اسلامی مقاومتی تحریک کے سربراہ علامہ سید حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ اپنے ملک اور اپنی قوم کا دفاع کرنا شرعی فریضہ ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، لبنان میں حزب اللہ کے سکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ "ہم ملک کا دفاع کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں اور ہم اپنی جانیں قربان کرنے کو تیار ہیں۔
سید حسن نصراللہ نے مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے ملک و قوم کا دفاع کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں کسی بھی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کےلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
المنار نیوز نے خبر دی ہے کہ سیدحسن نصراللہ نے محرم الحرام کی تیسری مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا امریکا دنیا کے مختلف ممالک میں جدیدترین اسلحے کے ساتھ جنگ افروزی میں مصروف ہے۔
یمن میں خواتین اور بچوں سمیت نہتے شہریوں کا قتل عام کیا جارہا ہے اور امریکی حکام ظلم اور بربریت کے خلاف ایک لفظ بھی نہیں کہتے ہیں، امریکی حزب اللہ سے کہتے ہیں کہ خطے میں مداخلت بند کریں جبکہ امریکا سمیت استعماری طاقتیں لبنان کے داخلی امور میں مداخلت کررہے ہیں۔
سید حسن نصراللہ نے امریکی حکام کو مخاطب قرار دیتے ہوئے کہا: تمہیں یہ حق کس نے دیا ہےکہ آپ دنیا کے مختلف ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کریں اور جنگ افروزی کریں؟؟۔ امریکی ہم سے کہتے ہیں کہ تم مظلوموں کی حمایت کرنا بند کردو!
جب ہم اسلامی جمہوریہ ایران سے مدد طلب کرتےہیں تو ہم اپنے ضروریات کو مد نظر رکھ کر ہی کرتے ہیں، اس بارے میں ہمیں کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ملک و قوم کی دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں اور فلسطین سمیت مظلوموں کی حمایت کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔