یمن؛ سعودی اتحادی افواج کی بمباری کا سلسلہ جاری، متعدد مکانات تباہ


یمنی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حمایت یافتہ سعودی اتحادی افواج نے یمن کے مختلف رہائشی علاقوں پر بمباری کرکے متعدد رہائشی مکانات کو تباہ کردیاہے۔

تسنیم خبررساں ادارے نے المیسرہ کے حوالےسے خبر دی ہے کہ اتحادی افواج کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے صوبہ مآرب کے العبدیہ اور صوبہ البیضا کے ناطق اور الملاجم میں رہائشی مکانات پر وحشیانہ بمباری کی ہے۔

 گزشتہ ہفتے بھی یمن کے المسیرہ ٹی وی نے خبر دی تھی کہ جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے شمالی یمن کے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا تھا۔

گزشتہ ساڑھے پانچ سال سے یمن کو سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی شدید زمینی، سمندری اور فضائی جارحیت کا سامنا ہے۔ جنگ کے نتیجے میں اب تک جہاں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی اور لاکھوں دربدر ہو کر بے سرو سامانی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوئے وہیں یمن کے عوام کو کورونا وائرس سمیت مختلف قسم کے وبائی امراض کا بھی سامنا ہے۔

اس وقت سعودی عرب کی مسلط کردہ جنگ کے سبب یمن کی بنیادی تنصیبات تباہ ہو کر رہ گئی ہیں اور حتیٰ اسپتال، طبی مراکز، مساجد اور اسکولز بھی جارح دشمن کے حملے سے محفوظ نہیں رہ سکے ہیں۔

اس وقت یمنی عوام کو شدید طور پر غذا، دوا اور ایندھن جیسی دیگر ضروریات زندگی کی قلت کا بھی سامنا ہے۔