متحدہ عرب امارات تل ابیب میں سفارت خانہ جبکہ حیفا اور الناصرہ میں قونصل خانے کھولے گا


متحدہ عرب امارات تل ابیب میں سفارت خانہ جبکہ حیفا اور الناصرہ میں قونصل خانے کھولے گا

اسرائیل کے کثیرالاشاعت عبرانی اخبار یسرائیل ہیوم نے انکشاف کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات تل ابیب میں اپنا سفارت خانہ کھولنے کے ساتھ ساتھ حیفا اور الناصرہ شہروں میں قونصل خانے کھولنے پربھی غور کررہا ہے۔

اس کے علاوہ امارات نے اسرائیل کے ساتھ مل کر ثقافت، تاریخ اور لسانیات کے شعبوں میں بھی کام کا فیصلہ کیا ہے۔

اخبار نے دعوی کیا ہے کہ ابو ظبی پہلے مرحلے میں الناصرہ شہر میں قونصل خانہ کھولنے پرغورکررہاہے، جب کہ دوسرے مرحلے میں حیفا شہرمیں بھی قونصل خانہ کھولا جائے گا۔

اس کے علاوہ اسرائیل کی حیفا بندرگاہ اور امارات کی دبئی انٹرنیشنل پورٹ کے درمیان بھی رابطہ کاری کافیصلہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب فلسطینی ایوان صدر نے ایک بیان میں کہا کہ لبنان کی میزبانی میں فلسطینی قوتوں کے سیکرٹری جنرل کی سطح پر ہونے والے اجلاس کا مقصد صہیونی ریاست کے منصوبوں بالخصوص الحاق کے سازشی منصوبے کے خلاف قومی اتحاد تشکیل دینا ہے۔

ایوان صدر کے ترجمان نبیل ابو ردینہ نے کہا کہ بیروت میں ہونے والی کانفرنس سب کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ فلسطینی قوم اور اس کے مقدسات تمام تر سازشوں سے زیادہ اہم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ فلسطینی قوم 1967ء کی سرحدوں پر مشتمل اپنی آزاد او خود مختار ریاست کے مطالبے پر متحد ہے، اور مشرقی بیت المقدس کو ہرصورت میں فلسطین کا دارالحکومت بنائے گی۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری