پنجاب بھر میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ


وزیر ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جارہا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، پورے پنجاب سے ڈویلپمنٹ  اتھارٹیوں کے سربراہان پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جو غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے حوالے سے اپنی رپورٹ دو ماہ میں مکمل کرے گی۔

یہ بات انہوں نے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر میں صوبہ کی مختلف ڈویلپمنٹ اتھارٹیوں کے سربراہان کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔

وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید نے کہا کہ ہاؤسنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی ہاؤسنگ سوسائٹیوں پر بھری جرمانے بھی عائد کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ کے دونوں اطراف اکنامک زون بنانے کے لئے منصوبہ بندی کی جائے۔ انہوں نے کہا رنگ روڈ منصوبہ راولپنڈی میں معاشی ترقی کا باعث بنے گا اور رنگ روڈ کے اطراف میں تعلیمی ادارے اور ہسپتال بھی قائم ہونگے جن سے شہریوں کے لئے تعلیم اور صحت کی سہولیات میں بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ کے قریب ایک  سبزی اور فروٹ منڈی بھی بنائی جائے گی۔اس موقع پر راولپنڈی میں جاری مختلف سکیموں کا جائزہ لیا گیا اور وزیر ہاؤسنگ نے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہا۔

چیئرمین آر ڈی اے طارق محمود اور ڈی جی آر ڈی اے عمارہ خان نے ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے وزیر ہاوسنگ کو بریفنگ دی۔ڈی جی آر ڈی اے نے بتایا کہ کچن گارڈننگ کا منصوبہ شہر میں جاری ہے اور اس کے ساتھ ساتھ پولٹری فارمنگ کے لیے بھی ایک ہزار دیہی خاندانوں کو مرغیاں تقسیم کی گئی ہیں  اور شہریوں میں 10ہزار پودے بھی تقسیم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آر ڈی اے تین ایکڑ  زمین پر پودے لگا رہی ہے جو راولپنڈی شہر کی خوبصورتی میں اہم سنگ میل ثابت ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ راولپندی شہر میں پرانی خستہ حال بلڈنگز کو   گرا کر دوبارہ تعمیر ات کرنے کے حوالے سے بھی اہم پش رفت ہو رہی ہے۔

اجلاس میں چیئر مین فیصل آباد ڈویلپمنٹ،ایم ڈی واسا راجہ شوکت محمود،ملک محمد عامر،چیئر مین BDA، ممتاز چیئر مین سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی، فیصل مسعود سی  ایل ڈی اے، مقبول احمد مچھوکا ڈی جی ایس ڈی اے میاں جمیل احمد،چیئر مین ملتان،افتخار علی  ڈی جی سرگودھا، محمد اویس سرور ڈائریکٹر ڈی جی خان،حسن ظہیر ڈائریکٹر  ایف ڈی اے،باق جان ڈی جی BDAاور اسد مجید ڈی ڈی بی ڈی اے کے علاوہ ڈپٹی ڈائریکٹر آر ڈی اے جنید تاج اور دیگر افسران نیبھی شرکت کی۔