بھارت چھوٹے رکن ممالک کو مسئلہ کشمیر پر مسلسل دھمکا رہا ہے، پاکستان


اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ بھارت چھوٹے رکن ممالک کو مسئلہ کشمیر پر مسلسل دھمکا رہا ہے

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، دنیا کا ہر ملک مسئلہ کشمیر کی حقیقت سے آگاہ ہے مگر مفادات کی وجہ سے کئی ممالک کے مسئلہ کشمیر پر منہ بند ہیں تاہم مسئلہ کشمیر پر چپ رہنے والے ممالک کو شرمندگی  ہوگی۔

منیر اکرم کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے، مسئلہ کشمیر سے متعلق یو این سیکریٹری جنرل کا 8 اگست کا بیان واضح ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکریٹری جنرل کے پاس فوج نہیں ،نہ ہی سلامتی کونسل کی طاقت ہے۔

یو این میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کا کہنا تھا کہ بھارت چھوٹے رکن ممالک کو مسئلہ کشمیر پر مسلسل دھمکا رہا ہے، اقوام متحدہ کو جموں و کشمیر میں تحقیقاتی ٹیم بھجوانی چاہیے۔

منیر اکرم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کمشنر نےکشمیر پر 2 رپورٹس جاری کیں، انسانی حقوق کی کمشنر نے کشمیر پر انکوائری کمیٹی بنانے کی تجویز دی۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی پامالی پر 18 ممالک کا اعلامیہ جاری ہوا، ترک صدر کا مسئلہ کشمیر پر بیان حوصلہ افزا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی ساکھ سے متعلق صحیح سوالات اٹھائے، ہمیں کئی معاملات پر اپنی واضح پوزیشن لینا ضروری تھی۔

یو این میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ اقوام متحدہ  کی حمایت کرنی ہوگی اسے چھوڑ نہیں سکتے۔

خیال رہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا یہ سالانہ اجلاس اس بار ورچوئلی منعقد کیا جا رہا ہے۔