عراق مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھے گا


عراقی حکام کا کہنا ہے کہ عراقی حکومت اور عوام فلسطینیوں کے جائز حقوق کی حمایت جاری رکھیں گے۔

عراقی ذرائع کے مطابق، بغداد  فلسطینی عوام کے غصب شدہ حقوق کے حصول کے لئے جائز جدوجہد کی حمایت کرنے کے اپنے اصولی موقف پر قائم ہے۔

عراقی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بغداد فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی عوام کے اپنے جائز حقوق کے لئے جدوجہد کی حمایت میں عراق کے مؤقف میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

عراق فلسطینیوں کے مطالبات بشمول حق خودارادیت، مہاجرین کی واپسی اور بیت المقدس سمیت ایک آزاد فلسطینی ریاست کی تشکیل کی حمایت کرتا ہے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بعد امریکا دیگر خطے کے ممالک پر بھی دباو ڈال رہا ہے۔

امریکی صدر نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کے اسرائیل کے ساتھ معاہدوں پر دستخط سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاتھا کہ ایک ماہ میں دو عرب ممالک نے اسرائیل کے ساتھ معاہدے کیے ہیں مزید ممالک بھی اسرائیل کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کریں گے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عراق کے دوٹوک موقف سے امریکی اور اسرائیلی حکام سخت مایوسی کا شکار ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان نے بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے حقوق کا تحفظ  کرنے کے بجائے اسرائیل کو تسلیم  کرنا، فلسطینیوں کے ساتھ دھوکہ ہے۔