ایڈمرل امجد خان نیازی پاک بحریہ کے نئےسربراہ مقرر
پاک بحریہ کے سابق سربراہ ظفر محمود عباسی کی ریٹائرمنٹ کے بعد ایڈمرل امجد خان نیازی نے چیف آف نیول اسٹاف (سی این ایس) کا عہدہ سنبھال لیا۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، پاک بحریہ کی کمان کی تبدیلی پروقارتقریب نیول ہیڈکوراٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔
پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل (ر) ظفر محمود عباسی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد سبکدوش ہونے والے نیول چیف نے خطاب کرتے ہوئے نئے نیول چیف کو مبارکباد پیش کی اور پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں پر روشنی ڈالی
بعدازاں ایڈمرل (ر) ظفر محمود عباسی نے ایڈمرل امجد خان نیازی کو پاک بحریہ کی کمان سونپی جس کے بعد ایڈمرل امجد خان نیازی پاک بحریہ کے 22 ویں سربراہ بن گئے۔
خیال رہے کہ نئے نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے 1985 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا تھا اور پاکستان نیول اکیڈمی میں ابتدائی تربیت حاصل کرنے کے بعد اعزازی شمشیر بھی حاصل کی تھی۔
انہوں نے مختلف کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر اپنے فرائض انجام دیے، کمانڈ میں ان کی تعیناتی جہاں ہوئی ان میں پاکستان فلیٹ کمانڈر، پی این ایس بدر اور پی این ایس طارق کے کمانڈنگ آفیسر، 18 ڈسٹرائیر کمانڈر، کمانڈنٹ پی این ایس بہادر اور کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج/کمانڈر سینٹرل پنجاب لاہور شامل ہیں۔
ان کی سابق تعیناتیوں میں چیف آف نیول اسٹاف کے پرنسپل سیکریٹری، ایف-22 پی مشن چائنا کے سربراہ، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ ایویلوایشن) اور ڈائریکٹر جنرل آف نیول انٹیلیجنس شامل ہے۔
وہ آرمی کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفینس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں جبکہ بیجنگ کی یونیورسٹی آف ایروناٹکس اینڈ ایسٹروناٹکس سے انڈر واٹر اکوسٹکس میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔
ایڈمرل امجد خان نیازی کو ستارہ امتیاز (فوجی) اور ستارہ بسالت بھی مل چکا ہے جبکہ انہیں حکومت فرانس نے فرانسیسی اعزاز چیولیئر (نائٹ) سے بھی نوازا گیا تھا۔