مولانا عادل خان کا قتل پاکستان میں انتشار پھیلانے کی کوشش ہے، جنرل باجوہ


آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی میں مولانا عادل خان کے قتل پر اظہار افسوس اور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ پاکستان میں ملک دشمنوں کی انتشار پھیلانے کی کوشش ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے ٹویٹ میں کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی میں مولانا عادل خان کے قتل پر اظہار افسوس کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کی، انہوں نے کہا ہے کہ یہ واقعہ پاکستان میں ملک دشمنوں کی انتشار پھیلانے کی کوشش ہے۔

آرمی چیف نے مجرمان کو کٹہرے میں لانے کے لیے سول انتظامیہ سے مکمل تعاون کی ہدایات بھی کردی ہیں۔

خیال رہے کہ کراچی میں گزشتہ رات جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل خان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس میں وہ اور ان کے ڈرائیور زخمی ہوئے۔

مولانا عادل کو 2 گولیاں لگیں جن میں سے ایک ان کی گردن پر لگی، اسپتال پہنچنے تک مولانا عادل دم توڑ چکے تھے۔

مولانا ڈاکٹر عادل خان وفاق المدارس العربیہ کی مجلس عاملہ کے رکن بھی تھے۔