امریکی وزیرخارجہ کی سعودی ہم منصب سے ملاقات/ غاصب صہیونی حکومت کو تسلیم کرنے کا مطالبہ


امریکی وزیرخارجہ کی سعودی ہم منصب سے ملاقات/ غاصب صہیونی حکومت کو تسلیم کرنے کا مطالبہ

امریکی وزیر خاجہ مائیک پومپیو نے سعودی عرب سے ایک بارپھر اسرائیل کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، واشنگٹن میں سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کے موقع پر مائیک پومپیوکا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات اور بحرین کے اسرائیل سے ہونے والے معاہدوں نے خطے میں امن اور سلامتی کے لیے ہمارے مشترکہ مقاصد کے حصول میں اہم کردار اداکیا ہے۔

 اے ایف پی نے خبر دی ہے کہ امریکی وزیر خارجہ کاکہنا تھا کہ یہ پیشرفت خطے کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کی عکاس ہے جس میں ان ممالک نے خطے میں ایرانی اثرورسوخ کا مقابلہ کرنے کے لیے علاقائی تعاون کی اہمیت کو سمجھا ہے۔

مائیک پومپیو کاکہنا تھا کہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہونے والے معاہدے کی کامیابی میں مدد فراہم کرنے پر سعودی عرب کے شکرگزار ہیں اور ہمیں امید ہے کہ سعودی عرب بھی اسرائیل سے تعلقات کی بحالی پر غور کرے گا۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 3 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کی مہم میں عرب ممالک کے اسرائیل سے تعلقات بحال کرانے کو اپنی اہم کامیابی قرار دے رہے ہیں۔

گذشتہ ماہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ انہیں امید ہےکہ سعودی عرب بھی صحیح وقت پر اسرائیل کو تسلیم کرلے گا۔

مائیک پومپیو کا مزید کہنا تھاکہ امریکا سعودی عرب کے ساتھ اسلحے کے فروخت کے مضبوط معاہدے کا حامی ہے تاکہ سعودی شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور امریکیوں کے لیے بھی نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں۔

 

خیال رہے کہ اگست میں متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان باہمی تعلقات قائم کرنے کیلئے امن معاہدہ طے پایا تھا جس  کے بعد 15 ستمبر کو دونوں ممالک نے سفارتی تعلقات قائم کرنے کا معاہدہ کیا تھا، اس کے بعد بحرین کی جانب سے بھی اسرائیل سے تعلقات بحال کرنے کا اعلان کیا گیا تھا

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری