دنیا بھر میں کرونا وائرس کے حملے جاری| متاثرین کی تعداد 4 کروڑ سےتجاوز کرگئی
دنیا بھر میں ایک دن میں سب سے زیادہ کرونا کیسز کا نیا ریکارڈ بن گیا اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران دنیا میں 4 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، عالمی وبا کرونا وائرس کے سبب دنیا میں 4 کروڑ 9 ہزار 506 افراد متاثر اور 11 لاکھ 15 ہزار 243 ہلاک ہو چکے ہیں۔
کرونا سے صحتیاب افراد کی تعداد 2 کروڑ 99 لاکھ 25 ہزار 178 ہو گئی ہے اور 89 لاکھ 69 ہزار 85 ایکٹیو کیسز ہیں۔
امریکہ کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں پہلے نمبر پر ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 518 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد امریکہ میں اموات کی تعداد 2 لاکھ 24 ہزار 282 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 83 لاکھ 42 ہزار 665 ہو گئی ہے۔
بھارت کرونا کیسز کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ایک ہزار 32 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد بھارت میں اموات کی تعداد ایک لاکھ 14 ہزار سے زائد ہو گئی جبکہ 74 لاکھ 92 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔
برازیل میں کرونا وائرس سے مزید 129 افراد موت کا شکار ہوئے جس کے بعد برازیل میں کرونا سے مجموعی اموات کی تعداد ایک لاکھ 53 ہزار سے زائد ہو گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 52 لاکھ 24 ہزار سے زائد ہے۔
روس میں 13 لاکھ 84 ہزار سے زائد افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد 24 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
اسپین میں9لاکھ 82 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں جبکہ 33 ہزار775 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ارجنٹائن میں بھی 9 لاکھ 79 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں اور 26 ہزار 107 اموات ہوئی ہیں۔
کولمبیا کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں پانچویں نمبر پر ہے جہاں 28 ہزار 803 اموات ہوئی ہیں جبکہ 9 لاکھ 52 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پیرو میں 8 لاکھ 65 ہزار 549 افراد متاثر اور 33 ہزار 702 ہلاک ہو چکے ہیں۔
کرونا سے پہلی ہلاکت 11 جنوری2020 میں چین میں رپورٹ ہوئی۔ 9 اپریل کو کرونا سے مجموعی اموات کی تعداد ایک لاکھ ہوگئی تھی۔ کرونا سے پہلی ایک لاکھ اموات ابتدائی89 روز میں رپورٹ ہوئیں۔
رواں سال 24 اپریل کو کرونا سے اموات کی تعداد2 لاکھ تک پہنچ گئی تھی اورایک سے2 لاکھ اموات کیلئے صرف 15دن کا وقت لگا۔ 13مئی تک دنیا بھر میں 3 لاکھ اموات رجسٹرڈ ہوئیں اور 2سے3لاکھ اموات تک پہنچنے میں 19دن لگے۔