مزار قائد بے حرمتی کیس؛ سندھ حکومت نے کمیٹی تشکیل دےدی
مزار قائد کی بے حرمتی کے الزام میں نوازشریف کے داماد کی گرفتاری کے معاملے پرسندھ حکومت نے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، مزار قائد پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے میں پولیس افسرکو بے عزت اور ہراساں کرنے کے معاملے پر سندھ حکومت نے کمیٹی تشکیل دےدی۔
نجی ٹی وی جیونیوز نے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف تھانہ بریگیڈ میں ایف آئی آر درج کرنے اورپولیس افسر کو بے عزت اور ہراساں کرنے سے متعلق معاملے پر سندھ حکومت نے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی میں وزیر تعلم سعیدغنی، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب اور وزیراطلاعات سندھ ناصرحسین شاہ سمیت دیگر وزراءشامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن آج جاری کیا جائے گا اور کمیٹی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کرےگی۔
واضح رہے کہ کراچی میں 19 اکتوبر کو پیش آنے والے واقعے پر سندھ پولیس کے آئی جی سمیت اعلیٰ پولیس افسران نے احتجاجاً چھٹیوں کی درخواستیں دی تھیں تاہم آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے واقعے کا نوٹس لینے اور صوبائی حکومت کی جانب سے تحقیقات کی یقین دہانی کے بعد افسران نے چھٹیاں موخر کرنے کا فیصلہ کیا۔