اسرائیل اوربھارت کا نشانہ مسلمان اور مقامات مقدسہ ہیں، علامہ حامد موسوی
تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ علامہ حامد موسوی کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور بھارت مسلمانوں اور مقامات مقدسہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، علامہ سید حامد علی شاہ موسوی نے کہاہے کہ انتہا پسند جماعتوں کا صرف نام نہیں کام بھی کالعدم کروایا جائے ورنہ ایف اے ٹی ایف جیسے ادارے ڈومور کی رٹ جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مسلمان ممالک استعماری قوتوں سے بھیک مانگنا چھوڑ دیں ورنہ سب اسرائیل کو تسلیم کرنے پر مجبور ہوں گے۔
علامہ حامد موسوی کا کہنا تھا کہ بنیاد اسلام بل نے فرقہ واریت کو ہوا دی،9ربیع الاول کو جشن مختار اور 12تا 17ربیع الاول میلاد النبی ؐ کے موقع ہفتہ وحدت و اخوت منا کر عوام اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایام عزائے حسینی کے اختتام اور شہادت امام حسن عسکری کی مناسبت سے مرکزی امام بارگا جامعۃ المرتضی جی نائن فور اسلام آباد سے برآمدہو نے والے ماتمی احتجاجی جلوس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علامہ سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ گریٹر اسرائیل اور اکھنڈ بھارت کی سازش کا نشانہ مسلمان اور مقامات مقدسہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دو قومی نظریہ کی مخالف قوتوں نے آج تک پاکستان کو تسلیم نہیں کیا۔