پنجاب اسمبلی میں فرانسیسی صدر کیخلاف مذمتی قراداد/ فرانس سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ


پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور فرانسنی صدر کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کرائی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق،مسلم لیگ (ن) کے میاں عبدالرؤف، عنیزہ فاطمہ، محمد ارشد ملک اور سنبل مالک کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں گستاخانہ خاکے شائع کرنے پر فرانسیسی صدر کے خلاف مذمتی قراداد جمع کرائی گئی ہے۔

مذمتی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ مسلمان پر امن قوم ہیں مگر ان کی غیرت کو للکارا جا رہا ہے، فرانسیسی صدر کے حکم پر گستاخانہ خاکے جاری کرنے پر پوری دنیا کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے، ایسی بے شمار نفرت پسند سرگرمیاں فیس بک پر دیکھنے میں آتی ہیں، جس سے ناصرف پوری امت مسلمہ کے دل خون کے آنسو روتے ہیں یہ بلکہ ناقابل معافی جرم بھی ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ فیس بک کے سربراہ سے بات کرکے ایسے مواد کو فوری طور پر فیس بک اور سوشل میڈیا سے ہٹانے کے انتظامات کرے جو عالمی سطح پر نفرت شدت پسندی اور پرتشدد واقعات میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔

قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ ساری مسلم امہ فرانسیسی صدر کی گستاخانہ حرکتوں پر لعنت بھیجتی ہے، ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فرانس سے سفارتی تعلقات ختم کرکے اس کی تمام اشیاء پر فوری طور پر پابندی لگائی جائے۔