بشار الاسد حکومت نے روس امریکہ کے بیچ شام میں جنگ بندی پر اتفاق کی حامی بھر لی
شامی نیوز ایجنسی نے خبر دی ہے کہ بشار الاسد حکومت نے امریکہ اور روس کے درمیان ہونے والے جنگ بندی کے معاہدے کی حمایت کی ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اعلان کیا ہے کہ دمشق حکومت نے امریکہ اور روس کے شام میں جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔
شامی ذرائع کا کہنا ہے کہ شامی حکومت نے اس معاہدے کی حمایت انسانی حقوق کی بنیادوں پر کی ہے۔
شامی ذرائع نے تاکید کی ہے کہ حکوت نے پوری سوچ بچار اور مکمل آگاہی کے بعد اس معاہدے کی حمایت کی ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ اور روس کے وزرائے خارجہ کے درمیان جنیوا میں شام میں جنگ بندی سے متعلق مذاکرات طے پا گئے تھے جس کے تحت 12 ستمبر کو شام میں سیز فائر کا اعلان جائے گا۔
شام میں گزشتہ پانچ برس سے خانہ جنگی جاری ہے اور اس دوران اب تک 2 لاکھ 90 ہزار کے قریب افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں۔