حکومت کی جانب سے پاکستان کا اہم اثاثہ بیچنے کا فیصلہ
حکومت پاکستان نے نیویارک میں واقع پی آئی اے روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری کا فیصلہ کرلیا ہے.
خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق حکومت پاکستان نے نیویارک کے معروف اور مہنگے علاقے منہیٹن میں موجود پی آئی اے روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری کا فیصلہ کرلیا ہے. ذرائع کے مطابق مذکورہ ہوٹل کی نجکاری سے ڈیڑھ ارب ڈالر کی آمدن متوقع ہے اور اس پر غور کرنے کیلئے کابینہ کی نجکاری کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا گیا ہے.
مشیر خزانہ حفیظ شیخ کابینہ نجکاری کمیٹی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں پی آئی اے روز ویلٹ ہوٹلز نیویارک کی نجکاری کا جائزہ لیا جائے گا.
پی آئی اے روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری سے ایک سے ڈیڑھ ارب ڈالرز کی آمدن متوقع ہے،یہ نیو یارک کے منہیٹن کے علاقے میں موجود ہے اور روز ویلٹ ہوٹل نیو یارک کی اہم ترین عمارتوں میں شمار کیا جاتا ہے.
حکومت کے اس فیصلے پر عوام کی جانب سے ملا جلا ردعمل دیکھنے کو مل رہا ہے. بعض لوگ اسے پاکستان کی معیشت کا سہارا قرار دے کر اس فیصلے کا خیرمقدم کر رہے ہیں جبکہ بعض حلقوں میں پاکستان کا ایک قیمتی اثاثہ فروخت کرنے پر اس حکومتی فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے.