پاکستان؛ عسکری اور سیاسی قیادت کا اقوام متحدہ میں بھارتی مداخلت کا معاملہ اجاگر کرنے پر اتفاق


پاکستان؛ عسکری اور سیاسی قیادت کا اقوام متحدہ میں بھارتی مداخلت کا معاملہ اجاگر کرنے پر اتفاق

پاکستان آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور وزیراعظم نواز شریف کے درمیان ایک اہم ملاقات میں بھارتی مداخلت کا معاملہ زیر بحث آیا جس پر دونوں راہنماؤں نے اتفاق کیا کہ اس معاملے کو حتمی طور پر اقوام متحدہ کے ہونے والے اجلاس میں اجاگر کیا جائے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھارتی خفیہ اداروں کی پاکستان میں مداخلت کے معاملے سے آگاہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق، آرمی چیف نے وزیراعظم نواز شریف کو بھارتی خفیہ اداروں کی پاکستان میں مداخلت سے آگاہ کرتے ہوئے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے تفتیش اور اسی سلسلے سے متعلق دیگر ثبوتوں کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔

جنرل راحیل نے وزیراعظم کو کامیابیاں سمیٹتے ہوئے آپریشن ضرب عضب سے متعلق بھی بریفنگ دی جس پر نواز شریف نے اطمینان کا اظہار کیا۔ 

اس اہم ملاقات میں وزیراعظم کے اقوام متحدہ کے اجلاس میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کا پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کے معاملے کو اٹھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، مذکورہ ملاقات میں وزیراعظم کے دورہ امریکہ اور اقوام متحدہ کے امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

واضح رہے کہ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستانی وزیراعظم نوازشریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71ویں اجلاس میں شرکت کےلئے امریکہ روانہ ہو رہے ہیں۔

امید کی جا رہی ہے کہ اپنے خطاب میں وزیراعظم مسئلہ کشمیر کےحل پر زور دینے کے ساتھ ساتھ بھارتی فوج کے مقبوضہ کشمیر میں توڑے جانے والے مظالم پر تفصیلی بات کریں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ امن و امان کے حوالے سے پاکستان کی پالیسی اور دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑنے کی غرض سے پاکستان کے کردار اور کوششوں سے بھی اقوام عالم کو آگاہ کیا جائے گا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری