روسی فوج کے دستے کی پاکستان آمد + تصویری جھلکیاں
یاد رہے کہ ہندوستان کی جانب سے دو مرتبہ ان جنگی مشقوں کے روکے جانے کی درخواست کی گئی تھی جسے روس نے قبول نہ کرتے ہوئے طے شدہ تاریخ کے مطابق افواج کے دستہ کو پاکستان بھیج دیا ہے.
خبر رساں ادارے تسنیم کی رپورٹ کے مطابق، روسی بری افواج کا دستہ دو ہفتوں پر مشتمل تاریخ کی پہلی پاک - روس جنگی مشقوں کے لئے پاکستان پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق، یہ جنگی مشقیں آج (24 ستمبر) سے شروع ہونے والی ہیں۔
ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا ہے کہ پاکستان اور روس کی بری افواج تاریخ میں پہلی مرتبہ مشترکہ جنگی مشقوں میں حصہ لے رہی ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق، پاک روس مشترکہ جنگی مشقوں کا سلسلہ 24 ستمبر سے 10 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
پاک روس مشترکہ جنگی مشقوں میں دونوں ممالک کی اسپیشل سروسز (ایس ایس جی) حصہ لیں گی اور یہ مشقیں اسپیشل سروسز کے تربیتی علاقے میں ہی ہوں گی۔ مشترکہ مشقوں کا نام “دورزبہ” رکھا گیا ہے جو روسی زبان کا لفظ ہے اور اس کا مطلب دوستی کے ہیں۔