امریکی مسلمان اپنے ووٹ کی طاقت کا استعمال کریں، امریکی کانگریس کے رکن کی تاکید
امریکی کانگریس کی سنیئر رکن وومین ایڈی برنیس جانس نے امریکی مسلمانوں کو انتخابات میں اپنے ووٹ کی طاقت کو استعمال کرنے کی بھرپور تاکید کی ہے۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، امریکی کانگریس کی سنیئر ممبر کانگریس وومین ایڈی برنیس جانس کا کہنا ہے کہ امریکہ میں مقیم مسلمان برادری کو چاہیے کہ وہ نومبر میں ہونے والے انتخابات میں اپنے ووٹ کی طاقت کو زیادہ سے زیادہ استعمال کریں کیونکہ بحیثیت امریکی شہری یہ آپ کے پاس انتہائی طاقتور ہتھیار ہے۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق، پارک پلازہ میں منعقدہ ڈی ایف ڈبلیو مسلم چیمبر آف کامرس کے دوسرے سالانہ عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس وومین کا کہنا تھا کہ امریکہ اسی لئے عظیم اور خوبصورت ملک ہے کہ یہاں پر تمام قومیتوں کے اور ہر رنگ و نسل مذہب کے لوگ آباد ہیں اور یہ تمام مل کر اس کی بہتری میں اضافہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاجر برادری امریکی معیشت کو پروان چڑھانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہے جبکہ ان کو یہ جان کر خوشی ہو رہی ہے کہ اب مسلم چیمبر کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج اس چیمبر کے پلیٹ فارم پر ڈیموکرٹیک پارٹی کے لوگ ہوں یا ریپبلکن، سب ایک ساتھ ہیں اور ہم سب ملک کی ترقی اور بہتری کے خواہشمند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں آپ سے درخواست کروں گی کہ ہیلری کو صدر منتخب کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ ووٹ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی مسلمان اپنی طاقت کا بھرپور اظہار اپنے ووٹ کے ذریعہ کریں۔
ڈی ایف ڈبلیو چیمبر آف کامرس کے صدر غلام جھانگدا نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے آنے والی شخصیات کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر جج جسنیا سلاٹری کی جانب سے مسلم چیمبر کے توسط سے ایک ہزار ڈالر کے دو وظیفے مسلمان طالب علموں زہرہ صدیقی اور محمد صالح کو دئے گئے۔