پاکستان کا افغانستان کو 50 کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان/ 3 ہزار طلبا کے لئے وظائف
بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں منعقدہ افغان ڈونر کانفرنس میں پاکستان نے افغانستان میں معاشی ترقی کے منصوبوں کیلیے 50 کروڑ ڈالر امداد اور تین ہزار طلبا کو وظائف دینے کا اعلان کیا ہے۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، پاکستان نے افغان طلبا کی اعلیٰ تعلیم کے لیے 3 ہزار وظائف بھی مہیا کئے ہیں جن کے تحت افغان طلبا پاکستان میں تعلیم حاصل کر سکیں گے۔
ایکسپریس نیوز نے خبر دی ہے کہ افغان ڈونر کانفرنس میں ڈونرز کی طرف سے مجموعی طور پر 15 ارب امریکی ڈالرز کی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔
برسلز کانفرنس میں موجود پاکستانی نمائندے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ایک پر امن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کو پاکستان کیلیے اہم قرار دیا ہے۔
سرتاج عزیز نے اپنے خطاب میں افغانستان میں پائیدار امن کے لئے سیاسی اور پر امن مذاکرات کو قابل عمل طریقہ قرار دیا۔
انھوں نے کہا کہ طالبان کے لئے ہمارا یہی پیغام ہے کہ تشدد ترک کر دیں اور امن کے عمل میں شریک ہوں۔
واضح رہے کہ یہ امدادی رقم پہلے سے اعلان کردہ 50 کروڑ ڈالر کے پیکیج کے علاوہ ہے جس کے تحت افغانستان میں انفراسٹرکچر، تعلیم اور صحت کے شعبے کے منصوبے تکمیل کے قریب ہیں۔
برسلز میں افغانستان کی معاشی ترقی کے لئے 50 کروڑ ڈالر کی نئی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان کے لئے امداد اکھٹی کرنے کی غرض سے بین الاقوامی امدادی اداروں کا برسلز میں ایک اجلاس ہو رہا ہے۔
یورپی یونین کی میزبانی میں ہونے والی اس کانفرنس میں 70 سے زائد ممالک حصہ لے رہے ہیں۔
توقع کی جا رہی ہے کہ 2020 تک افغانستان کی مدد کے لئے 3 ارب ڈالر سالانہ اکٹھے کیے جائیں گے۔
اس بین الاقوامی تعاون سے افغانستان کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونے میں مدد ملے گی۔