موصل میں داعش کی شکست یقینی ہے
عراق کے صدر فؤاد معصوم کا کہنا ہے کہ فوج نے پوری تیاری کے ساتھ داعش کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا ہے اب داعش کے لئے عراق میں کہیں جگھ نہیں ملے گی اور اس گروہ کے وجود کا خاتمہ یقینی ہو گیا ہے۔
تسنیم خبر رساں ادارے نے السومریه نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ عراقی صدر فؤاد معصوم نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراقی فوج نے پوری تیاری کے ساتھ ملک سے داعش کے وجود کو ختم کرنے کے لئے موصل کارروائی کا آغاز کردیا ہے عنقریب عراق داعش کے درندہ صفت وجود سے پاک ہو جائےگا۔
عراقی صدر نے تمام عسکری گروہوں جیسے پیشمرگہ فورس، الحشد الشعبی، صوبہ نینوا کے مکینوں، قبائل اور عراقی شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے کہ عراق کو خونخوار داعش کے وجود سے پاک کرنے میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں۔
واضح رہے کہ عراقی وزیراعظم نے قوم سے وعدہ کیا ہے کہ رواں سال کے آخر تک موصل کو دہشت گردوں کی چنگل سے آزاد کرالیا جائے گا۔
موصل کے شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے گھروں میں ہی رہیں اور دہشت گردوں کو پناہ دینے کی کوشش نہ کریں۔
یاد رہے کہ عراقی سکیورٹی فورسز موصل کو آزاد کرانے کی کارروائی شروع کرتے ہی دہشت گرد گروہ داعش سے کئی دیہات آزاد کرانے میں کامیاب ہوگئی ہیں جبکہ عراقی فورسز کی حیران کن پیشقدمی کا سلسلہ جاری ہے۔