علیصدر؛ ایران کے شہر ہمدان میں دنیا کا عجیب ترین غار/ تصویری رپورٹ


علیصدر؛ ایران کے شہر ہمدان میں دنیا کا عجیب ترین غار/ تصویری رپورٹ

جب بھی ایران کے قدرتی پرکشش مقامات کا ذکر ہوتا ہے تو سب سے پہلے سیاحوں کے ذہن میں ہمدان شہر میں موجود علیصدر غار ضرور آتا ہے، یہ غار ایران کا واحد تالابی غار ہے جو خوبصورتی کے اعبتار سے لاثانی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارہ: ہمدان شہر ایران کے صوبہ ہمدان کا صدر مقام ہے۔ ایک اندازے کے مطابق، ہمدان کی آبادی 550,284 ہے۔ ہمدان ایران کے قدیم ترین شہروں میں شامل ہے۔ سطح سمندر سے اس کی بلندی 1850 میٹر بلند ہے۔ یہ شہر تہران سے 400 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔

ہمدان شہر کے مضافاتی علاقے کبودر آہنگ میں ایک دیہات ہے جس کو ملکی اور غیر ملکی سیاح اکثر و بیشتر جانتے ہی ہیں، کوئی ایران کی سیر کو جائے تو یہ ممکن ہی نہیں کہ ہمدان شہر میں موجود علیصدر دیہات نہ جائے، کیونکہ اس علاقے میں یہ ایسا تاریخی غار ہے جس کو دیکھ کر ہر کوئی حیران رہ جاتا ہے۔

غار میں داخل ہوتے ہی آپ کو مختلف قسم کے سائن بورڈ دکھائی دیں گے جن پر مختلف قسم کے پتھروں کے نام درج کئے گئے ہیں۔

اس غار کا اندرونی حصہ نہایت پر کشش اور جذاب ہے جس کی وجہ سے سالانہ ہزاروں سیاح ھمدان کا رخ کرتے ہیں۔
اس عجیب و غریب غار کی خوبصورتی دیکھ کر ہر کوئی لطف اندوز ہوتاہے۔

علیصدرمیں ''جراسک'' دور کے پتھروں سے ڈھکا ہوا نہایت عجیب و غریب غار ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ غار 136-190 میلین سال قبل کا ہے اور اتنا خوبصورت ہے کہ ہر دیکھنے والے کا دل چرا لیتا ہے۔

غار کے اندر داخل ہوتے ہی پرنم اور ٹھنڈی ہوائیں ہر سیاح کا استقبال کرتی ہیں اور غار کے دیواروں پر پتھروں سے سجے قدرتی نظارے سیاحوں کو ضرور حیران کردیتے ہیں۔

غار میں پتھروں سے قدرتی طور پر مختلف شکلیں بنی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں جیسے۔ لفظ الله، ڈریگن کا پنجه، مشعل کا ہال، عقاب کا پنجہ ۔۔۔

عقاب کا پنجہ: غار کے اندر پتھر کا ایک عجیب سا حصہ دکھائی دیتا ہے جو عقاب کے پنجے کی مانند ہے لہٰذا اسی نام سے مشہور بھی ہے۔

اس غار کی خصوصیات میں سے ایک یہ بھی ہے کہ اس کے بیچوں بیچ نہایت حسین وسیع و عریض تالاب ہے اور غارکی چھت سے ہلکی بارش کی طرح پانی کے قطرے گرتے رہتے ہیں۔

مشعل کا عظیم ہال: غار کے اندر تھوڑا سا فاصلہ طے کر کے آپ مشعلوں سے بھرے ایک وسیع و عریض ہال کا سامنا کریں گے جس کے درمیان میں ایک بہت بڑی مشعل ہے اور غار کا یہ حصہ مشعل کے عظیم ہال سے جانا جاتا ہے۔

ایرانی حکومت نے سیاحوں  کے لئے اس تالاب میں نہایت خوبصورت اور عمدہ کشتیاں مہیا کی ہوئی ہیں۔

غارکی خوبصورتی کا عالم  یہ ہے کہ اس کے مقابلے میں دنیا کے مشہور و معروف فرانس اور آسٹریلیا کے حسین ترین غار بھی ماند پڑ جاتےہیں۔

تالاب کا پانی اتنا صاف وشفاف ہے کہ انسان بغیر دوربین کے دسیوں میٹر تہہ تک دیکھ سکتا ہے۔

مذکورہ تالاب، غار کی چھت سے گرنے والے پانی کے قطروں اور زیرزمین سے پھوٹنے والے چشمے سے معرض وجود میں آیا ہے۔

ڈریگن کا پنجه: غار کے اندر سے پتھر کا ایک حصہ نکلا ہوا ہے جسے یہاں کے لوگ ڈریگن کا پنجه کہتے ہیں۔

پتھروں کا آبشار: اس غار میں آبشار کی طرح ایک بڑا پتھر موجود ہے جو دور سے نہایت خوبصورت دیکھائی دیتا ہے۔

کلمه الله

آپ غار کے اندر اللہ کے نام کو تجلی کرتے ہوئے دیکھیں گے جو معجزانہ طور پر نہایت واضح دیکھا جا سکتا ہے۔

علیصدر غار کو دیکھنے کے لئے آنے والے سیاحوں کے لئے نہایت بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

اس غار کو دیکھنے کے لئے ایرانیوں سمیت دنیا بھر سے سالانہ ہزاروں سیاح اس علاقے کا رخ کرتے ہیں، حکومت نے یہاں پر عمدہ ہوٹل، مہمان خانے، مسافرخانے، صحرائی کیمپ اور خرید وفروش کے لئے شاندار مارکٹیں، دکانیں اور بچوں کو کھیلنے کے لئے مختلف قسم کے جھولے وغیرہ تعمیر کئے ہیں۔

غارکی سیر کےلئے کب اور کیسے جاسکتے ہیں؟

اگرچہ پورے سال غار کی سیر کے لئے لوگوں کا آنا جانا رہتا ہے تاہم اس کی سیر کا بہترین موقع موسم بہار اور گرما ہے۔
نوروز کے ایام میں ایران سے لاکھوں سیاح اس علاقے کا رخ کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان خاص ایام میں یہاں بہت بھیڑ ہوتی ہے، لہٰذا بہتر ہے کہ نوروز کے ایام میں اس علاقے کا سفر نہ کریں۔

غار کی سیر کے اوقات:
موسم بہار اورگرما: صبح 8:00 – 19:00
موسم خزاں اور سرما: صبح 8:00 – 16:00

غار جانے والے راستے کا نقشہ ملاحظہ کیجئے:

اہم ترین سیاحت خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری