پاک ایران سرحد پر کارروائیاں تعلقات کی کشیدگی کیلئے کی جارہی ہیں/ حکومتیں مسئلے کا حل تلاش کریں + ویڈیو
جمعیت علماء اسلام (ف) سے تعلق رکھنے والی ممبر قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ پاک ایران بارڈر پر کارروائیاں کرنے والے گروہ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو کشیدہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں جبکہ دونوں ممالک پاکستان اور ایران کی حکومتوں کو مل بیٹھ کر مسئلے کا حل تلاش کرنا چاہیے۔
جمعیت علماء اسلام (ف) سے تعلق رکھنے والی ممبر قومی اسمبلی آسیہ ناصر کا تسنیم نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاک ایران بارڈر پر کارروائیاں کرنے والے گروہ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو کشیدہ اور پاکستان کی ترقی کو روکنا چاہتے ہیں، پڑوسی ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو سبوتاژ کرنے کے لئے دہشت گرد عناصر گھناونی کارروائیاں کرتے ہیں۔ دونوں ممالک پاکستان اور ایران کی حکومتوں کو مل بیٹھ کر مسئلے کا حل تلاش کرنا چاہیے، اور مشترکہ دشمن کا قلع قمع کرنا چاہیے، ہمارے ملک کا عزم ہے کہ ہم اپنی سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ جس کا عملی مظاہرہ ملک میں جاری آپریشنز ہیں جن میں پاک فوج کو بڑے پیمانے پر کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔