ایران کے صوبہ گیلان کی حسین وادی "لاہیجان" کی سیر + فلم و تصاویر


ایران کے صوبہ گیلان کی حسین وادی "لاہیجان" کی سیر + فلم و تصاویر

لاہیجان اسلامی جمہوریہ ایران کے صوبے گیلان کی نہایت دلکش حسین وادیوں میں سے ایک ہے، مختلف تفریحی اور سیاحتی مقامات کی وجہ سے اس وادی کو "عروس گیلان" کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔

تسنیم نیوز کی رپورٹ: صوبہ گیلان سرسبز اور شادابی کی وجہ سے پوری دنیا میں مشہورہے جس کی وجہ سے یہاں سال بھر سیاحوں کا ہجوم رہتا ہے۔

صوبے میں16 چھوٹے بڑے شہر موجود ہیں جو تاریخی، مذھبی، اور سیاحتی اعتبار سے منفرد حیثیت رکھتے ہیں، اندورن اور بیرون ملک سے سالانہ لاکھوں سیاح اس صوبے کا رخ کرتے ہیں۔

لاہیجان کا شمار صوبہ گیلان کے خوبصورت ترین علاقوں میں ہوتا ہے جو اس صوبہ کے شمال سے بحیرۂ کیسپین سے جا ملتا ہے۔

اس علاقے کی خوبصورتی کو الفاظ کے ذریعے بیان کرنا تقریبا ناممکن ہے جب آپ وہاں جاکر دیکھیں گے تو معلوم ہوگا کہ اللہ تعالی نے اس علاقے کو کتنی خوبصورتی بخشی ہے۔

لاہیجان کے مضافات میں بھی نہایت خوبصورت سرسبز و شاداب دیہات ہیں جیسے رودبنه، شیرجوپشت، آهندان، بازکیاگوراب، لفمجان، لیالستان اور لیل، ان دیہاتوں میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ آباد ہیں۔

لاہیجان کے لوگ گلیکی بولتے ہیں جو کہ فارسی زبان سے کافی الگ اور منفرد زبان سمجھی جاتی ہے۔

اس علاقے میں بے پناہ تفریحی مقامات پائے جاتے ہیں جن میں جھیلیں، پہاڑ، دریا، آبشاریں، باغات، نیشنل پارک، بین الاقوامی تالاب، چائے کے بڑے بڑے کھیت وغیرہ شامل ہیں۔

لاہیجان کے خوبصورت علاقوں میں سے ایک شیطان کوہ ہے جو البرز پہاڑی سلسلے سے جاملتا ہے، اس پہاڑ کی چوٹی سے پورے شہر کا نظارہ کیا جاسکتا ہے، اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت نے یہاں ایک منفرد انداز میں پارک اور پانی کی ندیاں بنائی ہیں۔

شیطان کوہ کے دامن میں 17 ہیکٹر پر مشتمل نہایت دلکش جھیل بھی موجود ہے جسے دیکھ کر ہر کوئی لطف اندوز ہوتا ہے اور بہت سارے سیاح تیراکی بھی کرتے ہیں۔

یہاں پر موجود آبشار نے شیطان کوہ اور اس کے دامن میں موجود جھیل کی خوبصورتی کو بھی دوبالا کردیا ہے، آبشار کے دائیں اور بائیں جانب سیاحوں کی سہولت کے لئے سیڑھیاں بنائی گئی ہیں۔

لاہیجان کی تفریحی اور سیاحتی مقامات میں سے ایک یہاں کی چیئر لفٹ سسٹم ہے جو 550 میٹر طویل سرسبز باغات کے اوپر سے گزرتا ہے۔

یہاں پر لگائی گئی چیئر لفٹوں کے دو اسٹیشنز ہیں جو 350 میٹر بلندی سے شروع ہوتے ہیں، یہاں حکومت نے بہترین انداز میں سیاحوں کے لئے ریسٹورنٹ، پارک، اور رہنے کے لئے موزوں جگہیں بنائے ہیں۔

بین الاقوامی "امیرکلایہ" نامی جھیل اس علاقے کے دلکش مناظرمیں سے ایک ہے اور لاہیجان سے صرف 38 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

لاہیجان میں بہت سارے مذہبی مقامات بھی ہیں جیسے قدیم جامع اکبریہ مسجد، امام علی نقی علیہ السلام کے فرزند جناب علی رضاکیا،  امام موسیٰ کاظم کے فرزند سید احمد میر شمس الدین  کے مزارات مقدسہ، ان اولیاء اللہ کی زیارات کے لئے سالانہ سینکڑوں لوگ اس علاقے کا رخ کرتے ہیں۔

لاہیجان چائے کے پیداور کا مرکز سمجھا جاتا ہے جس کی وجہ سے جہاں چائے کی بات ہوتی ہے ہر کسی کے ذھن میں لاہیجان ضرور آتا ہے۔

لاہیجان میں ایک تاریخی عجائب گھر بھی موجود ہےجو 512 مربع میٹر پر محیط ہے، عجائب گھر میں ہزاروں سال پرانی اشیاء رکھی گئی ہیں۔

 

ترتیب و پشکش: غلام مرتضی جعفری

اہم ترین سیاحت خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری