محرم الحرام کے دوران درج کئے گئے مقدمات ختم نہ ہوئے تو احتجاجی تحریک چلائیں گے، سبطین سبزواری
ایس یو سی پنجاب کے صدر کا کہنا تھا کہ عزاداری ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے مگر پولیس میں موجود کچھ کالی بھیڑیں اپنے اختیارات سے تجاوز کرکے حالات خراب کر رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ پولیس عزاداری کے انعقاد میں پارٹی بن رہی ہے، اپنی آئینی حدود میں رہے، ڈی پی او منڈی بہاوالدین فیصل مختار ضلع کے حالات خراب کرنا چاہتے ہیں، محرم الحرام کے دوران مجالس عزا منعقد کروانے پردرج جھوٹی ایف آئی آرز واپس نہ لی گئیں تو اتوار کے روز دھرنا دیا جائے گا، جس میں وہ خود بھی شریک ہوں گے۔
لاہور میں پارٹی رہنماؤں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عزاداری ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے مگر پولیس میں موجود کچھ کالی بھیڑیں اپنے اختیارات سے تجاوز کرکے حالات خراب کر رہی ہیں، ہم متنبہ کرتے ہیں کہ پولیس عزاداری کیخلاف پارٹی نہ بنے، ہم محرم الحرام کے دوران کی گئی زیادتیوں پر آواز احتجاج جاری رکھیں گے، عوام میں امتیازی سلوک پر شدید تشویش پائی جاتی ہے اس لئے بہتر ہے کہ حکومت صوبے کے مختلف مقامات پر درج جھوٹی ایف آرز کو واپس لے ورنہ احتجاج کیا جائے گا۔